تحریک انصاف کی جانب سے 7 سو لوگوں کی گرفتاری کے دعویٰ میں کوئی صداقت نہیں۔شیری رحمان

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک میں شرکت نہ کر کے تحریک انصاف کے کارکنان نے عمران خان کی سیاست سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے 7 سو لوگوں کی گرفتاری کے دعویٰ میں کوئی صداقت نہیں۔ تحریک انصاف نے 200 گرفتاریوں کا دعویٰ کیا تھا لیکن صرف 80 افراد نے گرفتاری دی۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواکے لوگ بھی عمران خان کی ذاتی سیاسی تماشے کو مسترد کریں گے۔ عمران خان''ضمانت پارک''سے نکلیں اور جیل بھرو تحریک کی قیادت کریں۔ ضمانت لیکر جیل بھرو تحریک کے اعلان سے تحریک انصاف کے کارکن مایوس ہوئے ہیں۔ اس لئے انہوں نے اس تماشے کو مسترد کر دیا ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ اس سے پہلے لوگوں نے 25 مئی اور 28 اکتوبر کے لانگ مارچ میں شرکت نہ کرکے انکی سیاست کو مسترد کیا تھا۔ لوگ جلا ئوگھیرائو اور مظاہرے نہیں بلکہ سیاسی استحکام اور ضابطہ اخلاق چاہتے ہیں۔ ملکی مسائل کا حل جیل جانے میں نہیں پارلیمنٹ میں رہنے میں تھا جس کو یہ لوگ توڑ اور چھوڑ چکے ہیں۔