مری اور کوئٹہ سمیت بالائی علاقوں میں برفباری، یخ بستہ ہواؤں کے سبب ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ۔

ملکہ کوہسارمری میں برفباری شروع ہوتے ہی سیاح ہوٹلوں اورگھروں سے باہرنکل آئے۔ آسمان سے گرتی برف کے ساتھ ساتھ مال روڈ پر موج مستی کاسلسلہ شروع ہوگیا جبکہ برفباری سے وادی کا متعدد علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ پائپ لائنوں میں پانی جم جانے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ملک کے مختلف شہروں سے سیاح مرح پہنچ چکے ہیں اوروہ برفباری اورخوبصورت موسم سے لطف اندوزہورہے ہیں. محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا یہ سلسلہ مزید کچھ روزجاری رہ سکتاہے۔ ادھر کوئٹہ میں تین سال بعد ہونے والی موسم کی پہلی برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔ سرد ہواؤں کے باعث شہر میں مزید برفباری اور موسم کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور بالائی علاقوں میں برفباری سے ملک بھر میں سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ دوسری جانب راولپنڈی، اسلام آباد میں سردی کی شدت برقرار ہےجبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت دیگر علاقوں میں دھند اورخیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند ایک مقامات پربھی بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔ادھر کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔