ایک ماہ کی بندش کے بعد پنجاب کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی دو روز کے لئے بحال ۔

سوئی ناردرن کی جانب سے پنجاب کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی پچیس دسمبر کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کی گئی تھی جس پر تمام صنعتی و تجارتی تنظیمیں سراپا احتجاج بن گئیں ۔ اس دوران صنعتی تنظیموں کی جانب سے مظاہرے بھی کیے گئے ۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا تھا کہ اگر تئیس جنوری سے صنعتوں کو گیس کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو وہ زبردستی فیکٹریاں چلائیں گے۔ اس پر جمعہ اور ہفتہ کے روز اپٹما کے رہنماؤں کے وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم سے طویل مذاکرات بھی ہوئے جس میں وزیر پیٹرولیم نے پنجاب کی صنعتوں کو پیر تئیس جنوری سے دو روز کے لیے گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔سوئی ناردرن کی جانب سے پنجاب کو مختلف زونز میں تقسیم کر کے دو روز کے لیے گیس کی فراہمی شروع کر دی ہے۔ لاہور سٹی، ملتان روڈ اور ساہیوال کو تئیس جنوری کی صبح چھ بجے سے پچیس جنوری کی صبح چھ بجے تک ،فیصل آباد اور سرگودھا کو پچیس جنوری کی صبح چھ بجے سے ستائیس جنوری کی صبح چھ بجے تک، لاہور مریدکے اور شیخو پورہ کو ستایئس جنوری سے انتیس جنوری صبح چھ بجے تک۔اور بہاولپور،ملتان ، گوجرنوالہ اور اسلام آباد کو انتیس جنوری سےاکتیس جنوری کی صبح چھ بجے تک گیس فراہم کی جائے گی۔