میمو گیٹ سکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان آنے سے انکار کردیا۔ اکرم شیخ

میمو گیٹ سکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان آنے سے انکار کردیا ہےجبکہ ان کے وکیل اکرم شیخ نے کہا ہے کہ منصور اعجاز بیرون ملک سے ہی اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے۔تحقیقاتی کمیشن کو کسی بھی غیرملکی کو طلب کرنے کااختیار نہیں۔ اپنے موکل سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعے مشاورت کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ نے بتایا کہ کسی نے بھی ان کے موکل کو لاحق خدشات کے حوالے سے یقین دہانی نہیں کروائی جبکہ انہیں پاکستان بلوا کر پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے لہذا منصور اعجاز پاکستان آنے کے بجائے لندن یا سوئٹزر لینڈ سے ہی اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے۔ ایڈووکیٹ اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیلی کانفرنس کے دوران منصور اعجاز کو تمام تر صورتحال اور میمو گیٹ سکینڈل کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے احکامات سے آگاہ کیا، ان کے موکل کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون اور سچ بولنے پر آمادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے موکل پر پاکستانی اداروں کو آپس میں لڑانے کا الزام بے بنیاد ہے۔منصور اعجاز کی سکیورٹی کے حوالے سے آرمی چیف کو خط لکھا گیا جس کا ابھی تک جواب نہیں ملا۔اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی کمیشن کسی غیر ملکی کو طلب کرنے کا اختیار نہیں رکھتا اور ان کے موکل رضاکارانہ طور پر تعاون کررہے ہیں، وہ ملزم نہیں جو عدالت میں پیش ہوں۔منصور اعجاز کے وکیل کا کہنا تھا کہ وہ حسین حقانی پر تو اعتبار کرسکتے ہیں لیکن وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک پر نہیں۔