پنجاب بھر میں سوائن فلو کا وائرس مسلسل پھیل رہا ہے۔ راولپنڈی میں سوائن فلو سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 13ہو گئی

راولپنڈی میں سرکاری ہسپتالوں میں عدم سہولتوں کے باعث سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ راولپنڈی بینظیر بھٹو اسپتال میں سوائن فلو کا شکار مزید دو افراد جان کی بازی ہار گئے جس سے جاں بحق مریضوں کی تعداد تیرہ تک پہنچ گئی ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین شکوہ کناں ہیں کہ حکومتی اقدامات کے نتائج کہاں ہیں۔۔وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ سوائن فلو کے وجود سے ہی انکاری ہیں۔ چند روز قبل اُن کا کہنا تھا کہ عام فلو کا وائرس پھیل رہا ہے جس کی روک تھام کر رہے ہیں۔ مگر اس کے برعکس عوام کو تمام ادویات بازار سے خریدنی پڑ رہی ہیں۔مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے ڈاکٹرز اور عملہ کے بیماری سے بچاؤ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔