شوپیاں میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی نئی کارروائی، دونوجوانوں کوشہیدکردیا
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع شوپیاں میںتین اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔فوجیوںنے نوجوانوںکو ضلع کے علاقے حیف شیر مال میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ شہید نوجوانوں میںسے ایک کی شناخت شمس الحق مینگنو کے نام سے کی گئی جو کہ بھارتی پولیس سروس سروس کے اہلکار انعام الحق مینگنو کا بھائی تھا۔آخری اطلاعات تک کارروائی جاری تھی۔ادھربارشوں اور برف باری کے باوجود لوگوں نے سڑکوں پرنکل کر نوجوانوں کے قتل کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پیلٹ گنز کا اندھا دھند استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔مظاہروں کی کوریج کرنے والے کم سے کم چار فوٹو جرنلسٹس بھی پیلٹس لگنے سے زخمی ہوگئے ۔قابض انتظامیہ نے ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی۔ادھر ضلع بارہمولہ کے علاقے ڈنڈوسہ اور رفیع آباد میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران بھارتی فوجیوں نے گھروں میں گھس کر مکینوں کو ہراساں کیا۔انجینئر ہلال احمد وار ، بلال صدیقی ، ظفر اکبربٹ اور دیگرحریت رہنمائوں نے سرینگرمیں جاری اپنے بیانات میں گزشتہ دو روز کے دوران بڈگام اور شوپیاں میں شہید گئے گئے 6 نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء عظیم نصب العین کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔