مصر میں سیکیورٹی فورسز نے داعش کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں، حالیہ کارروائیوں میں 59 عسکریت پسند ہلاک کردیے۔

مصری سیکیورٹی فورسز نے حالیہ دنوں میں جزیرہ نماسینائی سمیت دیگر علاقوں میں درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران 7 مصری فوجی بھی ہلاک ہوئے، فورسز نے داعش سے منسلک دیگر دہشت گرد گرہوں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ مصری فوج نے جزیرہ نما سینائی میں داعش سے منسلک شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا آغاز فروری 2018ء میں کیا تھا، فوجی حکام کے مطابق اس دوران سینکڑوں شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ علاوہ ازیں شمال مشرقی سرحد پر فورسز کی کارروائیوں میں متعدد دہشت گرد گرفتار ہوئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔