مشترکہ حریت قیادت کی 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مکمل ہڑتال کی اپیل
مقبوضہ کشمیرمیں سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کشمیری عوام پر زوردیا ہے کہ وہ 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپر منانے کیلئے مکمل ہڑتال کریں تاکہ عالمی برادری کو یاد دلایا جاسکے کہ کشمیری عوام کو مسلسل ان کا حق خودارادیت دینے سے بھارت کا انکار جمہوری ملک ہونے کے اس کے دعوے کے خلاف ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت قائدین نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ 26 جنوری کو منائے جانے والا بھارتی یوم جمہوریہ کشمیری عوام کے لئے ہر لحاظ سے یوم سیاہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ اس دن بھارت نےخودکو جمہوری مملکت بنانے کا اعلان کیا تھا۔تاہم انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ کشمیر میں بھارت کی جمہوریت کے معنی یکسر بدل جاتے ہیں اور جب بھارتی قیادت سے کشمیریوں کے ساتھ اقوام متحدہ اور مقامی سطح پر کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے اور انہیں ان کے جمہوری حقوق دینے کا مطالبہ کیاجاتا ہے تو جواب میںان پرگولیاں برسائی جاتی ہیں،انہیں جیلوں اور عقوبت خانوں کی زینت بنایا جاتا ہے ، ان کے گھروں کو تباہ ، پر امن سرگرمیوں پر قدغن اور نوجوانوںکو دیوار کے ساتھ لگایاجاتا ہے تاکہ انہیں مسلح جدوجہد شروع کرنے پر مجبور کیا جاسکے ۔ مشترکہ حریت قیادت نے کہا کہ نوجوانوں حتیٰ کہ کمسن بچیوں کو بھی پیلٹ چھروں کا نشانہ بنا کر ان سے ان کی بینائی چھینی جارہی ہے اور یہ سب ہتھکنڈے اور غیر انسانی حربے جمہوریت کے نام پر استعمال کئے جارہے ہیں۔حریت رہنماﺅںنے کہاکہ کشمیر میں تعینات لاکھوںبھارتی افواج کی موجودگی میں ایک مظلوم اور محکوم قوم جس کے تمام سیاسی، انسانی، مذہبی اور معاشرتی حقوق طاقت کے بل پر سلب کر لئے گئے ہوں ، کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ وہ بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر مہذب دنیا کو خود پر ہونے والے والے مظالم سے آگاہ اور عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی کوشش کرے۔سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ 26 جنوری کو مکمل ہڑتال کے ذریعے عالمی برادری پر واضح کریں کہ حق پر مبنی ان کی جدوجہد آزادی کوفوجی طاقت کے بل پر کمزور نہیں کیا جاسکتا اور تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ حریت رہنماﺅں نے ہاپت نار چرار شریف اورشوپیاں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایک عظیم نصب العین کیلئے دی جانے والی قربانیاں حریت قیادت اورعام کشمیریوں سے جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا تقاضا کرتی ہیں ۔انہوںنے جموںکی کوٹ بھلوال جیل میں کشمیری نظربندوں کے ساتھ جیل انتظامیہ کے انتقامی رویہ، انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنانے اورخطرناک مجرموں کے ساتھ قید رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جیل میں کشمیری نظربندوں کی زندگیوںکو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ انہوںنے عالمی ریڈ کراس سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیمیں مقبوضہ کشمیر بھیجیں اور ان کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ بڑھائیں۔