وزیراعظم کیخلاف 50کروڑ ہرجانہ کیس میں وکلا کی بحث مکمل, کیس کی سماعت 30جنوری تک ملتوی

پشاور کی مقامی عدالت میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس کی سماعت میں دونوں جانب سے وکلا نے بحث مکمل کر لی۔ سابق رکن اسمبلی فوزیہ بی بی نے ووٹ بیچنے کے الزام پر عمران خان کے خلاف 50کروڑ ہرجانے کا دعوی دائر کررکھا ہے۔پشاور کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں وزیر اعظم عمران خان سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عمران خان کی جانب سے بابر اعوان اور حبیب قریشی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، کیس میں دونوں جانب سے وکلا نے بحث مکمل کر لی۔عمران خان کی جانب سے وکیل کا کہنا تھا کہ کیس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں، اسلام آباد منتقل کیا جائے۔ درخواست گزاراکے وکیل کا کہنا تھا کہ سینیٹ کا ووٹ پشاور میں ڈالا گیا سماعت بھی یہاں کی جائے۔ عدالت نے بحث مکمل ہونے پر کیس کی سماعت 30جنوری تک ملتوی کر دی۔