حکومت سے نکل گیا تو اپوزیشن کے لیے زیادہ خطرنا ک ہوؤں گا: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف کو میں اپوزیشن لیڈر نہیں قوم کا مجرم سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں اپوزیشن لیڈر سے ملتا ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ اس نے کوئی جرم نہیں کیا۔ انہوں نے پی ٹی وی پر عوام کی لائیو کال سننے کے دوران پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہا کہ شہبازشریف ڈیڑھ گھنٹے تقریر کرتے ہیں لیکن کرپشن کا جواب نہیں دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی تقریر اصل میں نوکری کی درخواست ہوتی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہماری حکومت یہ ٹرم اور اگلا ٹرم بھی پورا کرے گی۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت سے نکل گیا تو اپوزیشن کے لیے زیادہ خطرنا ک ہوؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سڑکوں پر نکل آیا تو اپوزیشن کے لیے چھپنے کی جگہ نہیں ہوگی۔