سستے آٹے کی کوشش میں ایک اور شخص زندگی کی بازی ہار گیا

لاہور کے علاقے ساندہ میں یوٹیلیٹی اسٹورپرسستے آٹے کے حصول کے لئے قطارمیں موجود شخص دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔ 53 سالہ محمد سہیل آٹے کی خریداری کے لیے یوٹیلٹی اسٹورآیا ہوا تھا، اس دوران اُسکی اچانک طبیعت خراب ہوئی اوروہ موقع پرہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کردی۔ واضح رہے کہ آٹے کے حصول کی جنگ ميں يہ پہلی موت نہيں۔ 7 جنوری کو ميرپور خاص ميں مالہی کالونی کا 40 سالہ مزدور ہرسنگھ کولہی آٹا لينے کے دوران پيروں تلے روند کر زندگی ہار گیا تھا۔ 10 جنوری کو فیصل آباد میں سستے آٹے کے حصول کی تگ ودو میں نشاط آباد کی رہائشی خاتون 6 بچوں کی ماں نسرین بی بی موٹر سائیکل کی ٹکر سے جان بحق ہوئی تھی۔