بلاول بھٹو کی ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند پہنچ گئے جہاں انہوں نے ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ وزیر خارجہ (ای سی او) کی 26 ویں وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ہو رہا ہے، کانفرنس کا تھیم ”رابطے کو مضبوط بنانے کا سال“ ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری وزارتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے، اس موقع پر رکن ممالک کے وزراءاور دیگر مندوبین سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔