آخری دن: سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم تیز، جلسے جلسوں، ریلیوں اور کارنرز میٹنگز کا سلسلہ جاری
سیاسی سرگرمیاں ختم ہونے میں کچھ گھنٹے باقی، پاکستان مسلم لیگ ن، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، متحدہ مجلس عمل سمیت درجنوں جماعتیں میدان میں، رات بارہ بجے تک سیاسی امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں ووٹرز کو رام کرنے کی آخری سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں، رات بارہ بجے کے بعد جلسے جلوسوں اور ریلیوں پر پابند ہو گی، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لئے 23 دن دیئے گئے، جو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں زیادہ تھے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھرپور انداز سے انتخابی مہم چلائی، ایک طرف انہوں نے اپنے منصوبوں سے متعلق ووٹرز کو آگاہ کیا تو دوسری طرف سیاسی مخالفین پر تنقید کے نشتر برساتے نظر آئے۔
تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی انتخابی مہم کے دوران توپوں کا رخ مسلم لیگ ن کی طرف رہا، ایک طرف وہ مسلم لیگ ن پر خوب گرجے برسے اور نواز شریف کو سزا کا کریڈٹ لیتے نظر آئے وہیں نیا پاکستان کا راگ بھی آلاپتے رہے، بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی مہم کچھ میچور نظر آئی، انہوں نے عوام کی بات کی، سیاسی مخالفین پر تنقید بھی سیاسی انداز سے ہی کی، پنجاب میں بلاول بھٹو نے کامیاب انتخابی مہم چلائی، تاہم خیبرپختونخوا میں وہ بھرپور انداز سے مہم نہیں چلا سکے۔، دوسری طرف متحدہ مجلس عمل، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سمیت دیگر سیاسی جماعتیں بھی بھرپور انداز سے انتخابی مہم چلاتی نظر آئیں۔۔