بورس جانس 92153 ووٹ لے کربرطانیہ کے نئے وزیر اعظم منتخب
برطانیہ کی حکمران جماعت کنزرویٹیو پارٹی کے سربراہ کے لیے ہونے والے انتخابات میں بورس جانس 92,153 ووٹ لے کر اپنی جماعت کے سربراہ منتخب ہو ئے اور اسی کی بنا پر وہ برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کی حیثیت سے بدھ کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ سربراہ کے انتخاب کے نتائج کے اعلان کے مطابق ان کے مد مقابل وزیر خارجہ جرمی ہنٹ نے 46656 ستر ووٹ حاصل کیے۔ یورپی یونین سے علیحدگی پر کسی معاہدے میں پہنچنے میں ناکامی کے بعد تھریسامے نے 24 مئی کو اپنے عہدے سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد حکمران جماعت کنزرویٹیو جماعت میں نئے سربراہ کے انتخاب کا عمل شروع ہوا تھا۔ مختلف مراحل میں ہونے والے اس انتخاب کی ابتدا میں دس امیدوار پارٹی کے سربراہ کے عہدے کے لیے سامنے آئے تھے لیکن آخری مرحلے تک پہنچتے پہنچتے صرف دو امیدوار وزیر خارجہ جرمی ہنٹ اور سابق وزیر خارجہ بورس جانسن میدان میں رہے گئے۔ ملک بھر میں کنزرویٹیو پارٹی کے ایک لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب ممبران نے پارٹی کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالا اور ووٹنگ کا یہ عمل پیر کو بند ہو گیا تھا اور اس کے نتیجے کا اعلان منگل کی صبح کو کیا گیا۔ پارٹی کے سربراہ منتخب ہونے کے بعد کامیاب امیدوار بحیثیت وزیر اعظم بدھ کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔