پاکستان ایٹمی اثاثوں کی سیکیورٹی کوسب سے زیادہ محفوظ بنانے والا ملک قرار
نیوکلئیر ہتھیاروں کے حامل ممالک میں پاکستان ایٹمی اثاثوں کی سیکیورٹی کو سب سے زیادہ محفوظ بنانے والا ملک قرارد دے دیا گیا، پاکستان نے بھارت کو 6 پوائنٹس پیچھے چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق جوہری ہتھیاروں کے تحفظ کیلئے پاکستان کے اقدامات کی عالمی سطح پر پذیرائی کی گئی ہے، این آئی ٹی سیکیورٹی انڈیکس رینکنگ کی سالانہ رپورٹ جاری کردی گئی ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہیں ، پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق رینکنگ میں سات پوائنٹس کے ساتھ بہتری ہوئی ہے ۔ ایٹمی ہتھیاروں کو محفوظ کرنے والے ممالک کی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن میں نمایاں ترقی ، ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات پر امریکی ادارے نیوکلیئر تھریٹ انیشی ایٹو نے پاکستان کی درجہ بندی میں 7 پوائنٹس کا اضافہ کردیا ۔ این ٹی آئی انڈیکس کے مطابق ایٹمی اثاثوں کے تحفظ سے متعلق پاکستان کے اقدامات نے بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ بھارت کے41 کے مقابلے میں پاکستان نے 47 پوائنٹس حاصل کیے۔ تنصیبات کے تحفظ میں 47 میں سے پاکستان کا 33 واں جب کہ بھارت کا 38 واں نمبر ہے۔
دنیا کے 22 ممالک کا مقابلہ کیا جائے تو پاکستان کا 19 واں نمبر ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے 25 پلس پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ گلوبل نارمز کیٹیگری میں بھی پاکستان کا پلس ون درجہ بڑھا دیا گیا ہے۔پاکستان نے اپنے پروگرام کی اندرونی خطرات سے حفاظت بہتر بنائی اور دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان نے سیکورٹی اینڈ کنٹرول کیٹیگری میں خود کو بہت زیادہ بہتر بنایا ہے۔
سابق امریکی سفیراور نیوکلیئر ہتھیاروں کی ایکسپرٹ لارا کینیڈی نے این ٹی آئی انڈیکس میں پاکستان سے متعلق رپورٹ کا خیرمقدم کیا ہے ، جبکہ امریکا میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔