پی ٹی آئی نے سڑکیں بند کیں تو قانون حرکت میں آئے گا: شرجیل میمن
کراچی: وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کوغنڈہ گردی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھ میں کہیں بھی سڑک بند کی اور عوام کو پریشان کیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔جمعہ کی شب وزیر اعلی ہاؤس کراچی میں ہنگامی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ امریکی نہیں گجراتی خط پر عمران خان کو ناکامی ملی، ارکان کی خرید و فروخت کے الزام پر عمران خان فوری طور پر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی سے معافی مانگیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو جھوٹ کے پیچھے لگایا ہوا ہے وہ ثابت کریں کہ کس رکن کو پیسے دیے گئے؟اگر کسی رکن اسمبلی کو رقم دینے کا ثبوت ہے تو عدالتوں سے رجوع کریں، پی ٹی آئی نے جو دعوی کیا اتنے ووٹ ان کو ملے، عمران خان کو امریکی نہیں گجراتی خط پر ناکامی ملی ہے۔وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ وزیر اعلی نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ امن و امان بحال رکھا جائے کسی کو بھی سڑکیں بند نہیں کرنے دی جائیں، اب عوام عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے، عمران خان نے جیسا کیا ویسے ہی بھگت بھی رہے ہیں، اخلاقیات کی باتیں کرنے والے عمران خان کو تو خود کوئی اخلاق اور کردار نہیں ہے۔