ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کیخلاف درخواست پر سماعت کیلئے سپریم کورٹ کا بنچ تشکیل
جی این این کے مطابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بینچ تشکیل دیا گیا ہے جس میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں تین رکنی فل بینچ کچھ دیر میں درخواستوں پر سماعت شروع کرے گا ۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر اور عمر ایوب بھی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پرویز الہٰی کی دائر درخواست میں حمزہ شہباز، ڈپٹی اسپیکر اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔پرویز الہٰی نے درخواست کی آج سماعت کی استدعا کی ہے۔ دوسری جانب آج صبح نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے آج عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے ۔ گورنر ہاؤس لاہور میں حمزہ شہباز سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز حمزہ شہباز 3 ووٹوں کے فرق سے پنجاب کے وزیراعلیٰ برقرار رہے تھے۔ ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے نتیجے کا اعلان کرنے سے پہلے چوہدری شجاعت کا خط ایوان میں پڑھ کر سنایا، جس کی بنیاد پر مسلم لیگ (ق) کے کاسٹ کیے گئے تمام 10 ووٹ منسوخ کردیے تھے۔