فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں کا عالمی شہرت یافتہ قوال امجد فرید صابری کے قتل پر اظہار تعزیت
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) کراچی شہر کی سڑکوں پر ایک اور محب وطن اور نامور شخصیت شہرت یافتہ قوال امجد فرید صابری انسان نما درندوں کی گولیوں کی بھینٹ چڑھ گئے۔ قوالی کی دنیا کا چمکتا ستارہ اور دنیا بھر میں اپنے انداز اور اخلاق سے پاکستان کا نام بلند کرنے والے امجد صابری کو بہیمانہ انداز میں قتل کردیا گیا۔ مبینہ ٹارگٹ کلرز کے ہاتھوں امجد صابری کے بہیمانہ قتل پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا فرانس میں اکتسابی کمیونٹی کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ آج ہم اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء اور رسول اکرم ۖ کی تعریف و توصیف بیان کرنے والے ایک اور اچھے انسان اور عاشق رسول ۖ سے محروم ہو گئے۔
امجد صابری نے اپنے بزرگوں کی وفات کے بعد فن قوالی اور نعت خوانی کے ذریعے انتہائی نفیس اور احسن طریقے سے پاکستان کے نام کو دنیا بھر میں روشن کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا۔اور پاکستان سمیت پوری دنیا میں امن کا پیغام پہنچایا۔ وطن اور دین کی دشمن قوتیں پوری قوت کے ساتھ پاکستان کا امن و امان تباہ و برباد کرنے کے درپے ہیں۔ دشمنان پاکستان کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان میں خوف و ہراس کی ایک ایسی فضا پیدا کردی جائے کہ لوگ عدم تحفظ کا شکار ہوجائیں اور عوام کا حکومت اور ریاستی اداروں سے اعتبار اٹھ جائے ، ترقی کا پہیہ رک جائے اور معیشت کا بیڑا غرق ہوجائے۔ اور ملک دشمن عناصر کو کھلی چھوٹ مل جائے۔ کمیونٹی نمائندوں کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کو تمام دشمن عناصر کو آہنی ہاتھوں سے کچل دینا چاہئے۔ اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار کرنے والوں میں مسلم لیگ ن فرانس کے چیف آرگنائزر میاں محمد حنیف ، جنرل سیکریٹری محمد یوسف خان ، عوامی تحریک فرانس و یورپ کے صدر حاجی محمد اسلم ، پوٹھوہار ایسوسی ایشن کے ابرار کیانی ، پیپلز پارٹی یورپ کے کوآرڈینیٹر کامران یوسف گھمن اور صدر یوتھ ونگ رضا ملک ، مسلم لیگ ق فرانس کے سرپرست اعلٰی چوہدری سجاد ڈوگہ اور صدر چوہدری منیر احمد وڑائچ ، تحریک انصاف فرانس کے کوآرڈینیٹر چوہدری گلزار لنگڑیال اور ممتاز بزنس مین ظفر ملک شامل تھے۔