افغانستان ایک خودمختار اور آزاد ملک ہے،شہریار آفریدی
ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ افغانستان ایک خودمختار اور آزاد ملک ہے اور اس کی قیادت کو اپنے ملک میں دیرپا امن واستحکام کیلئے افغان امن مذاکرات کے تحت کسی بیرونی مداخلت کے بغیر فیصلے کرنے چاہیں۔بھوربن مری میں افغانستان میں امن عمل کے بارے میں ایک روزہ کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت افغانوں کی زیر قیادت اور ان ہی کے شروع کردہ امن مذاکرات پر متفق ہے کیونکہ خطے اور دنیا بھر میں امن، افغانستان میں قیام امن سے منسلک ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گرچہ پاکستان نے دہشتگردی، ہتھیاروں، منشیات مافیا اور دوسرے جرائم کے باعث بڑا نقصان برداشت کیا ہے تاہم اس نے کبھی بھی افغان پناہ گزینوں سے منہ نہیں موڑا۔ دریں اثنا افغانستان سے آئے ہوئے مختلف سیاسی اور مذہبی عمائدین نے کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے جنگ سے تباہ حال ملک میں امن کے قیام کا عزم ظاہر کیا ہے۔ شمالی اتحاد کے مرحوم رہنما احمد شاہ مسعود احمدولی کے بھائی، حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار، حزب اسلامی کے رہنما واحداللہ Sabhun، حنیف اتمار حزب وحدت مردم افغانستان کے رہنما استاد محمد محقق نے کہا کہ افغان دھڑوں کے درمیان اختلافات پر صرف مصالحت کے ذریعے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔ گلبدین حکمت یار نے کہا کہ ہم ہر قیمت پر افغانستان میں قیام امن کے خواہاں ہیں۔ واحد اللہ Sabhun نے خطے میں امن کے فروغ کیلئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف اور کوششوں کو سراہا۔ حنیف اتمار نے ایک آزاد ملک کی حیثیت سے افغانستان کی خودمختاری اور سالمیت کے احترام پر پاکستان کی تعریف کی۔