بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی،مقبوضہ کشمیر میں مزید 2کشمیری شہید
مقبوضہ وادی کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پلوامہ میں مزید 2 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے اور آج ضلع پلوامہ میں صبح سویرےہی سرچ آپریشن میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ حکام کے مطابق بھارتی فوج نے ابھی بھی پورے علاقے کو گھیر رکھا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم کی انتہا کر دی ہے اور17 دنوں میں32کشمیری شہیدکردیئے ہیں جبکہ دو دن پہلے سری نگر میں جعلی مقابلےمیں تین کشمیری مارےگئے تھے۔ واضح رہے کہ 5 اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کر کے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر دیا تھا۔جس کے بعد غیر انسانی لاک ڈاون اور مواصلاتی بندش کے باعث معمولات زندگی بدستور مفلوج ہیں۔ سڑکیں سنسان، وادی میں دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ایک کروڑ سے زائد افراد دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں۔