وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا،7 نکاتی ایجنڈا جاری

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا۔ جس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر رکھا ہے جبکہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے لئے ویڈیو لنک کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا، معاشی، سیاسی اور قومی سلامتی کے امور پر بات ہوگی جبکہ لداخ تنازعہ پر چین اور بھارت کشیدگی پر بھی بات ہوگی۔وفاقی کابینہ اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے مطابق وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کے 17 جون کے فیصلوں کی توثیق کرے گی اور کابینہ کی توانائی کمیٹی کے 4 جون کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔اس کے علاوہ کابینہ چمہ ہاوس لاہور اور قصر ناز کراچی کو لیز پر دینے کی منظوری دے گی۔ کابینہ اجلاس میں پاکستان میں سیٹلائیٹ سروس کی پالیسی کی تیاری کے معاملے پر غور کیا جائے گا جبکہ پاکستان میں رہائش پذیر افغان مہاجرین کے لئے افغان سٹیزن کارڈ اور پروف آف افغان کارڈ میں توسیع پر بات ہوگی۔اجلاس میں متروکہ وقف املاک پاکستان کے چیئرمین ادارے کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کریں گے۔