فیصل آباد:تیز رفتار بس کی ٹکر لگنے سے رکشہ سوار دو مسافر جاں بحق، تیسرا شدید زخمی

تیز رفتار بس کی ٹکر لگنے سے رکشہ سوار دو مسافر جاں بحق، تیسرا شدید زخمی ہو گیا، حادثے کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، ریسکیو ٹیم نے مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ووکیشنل ٹریننگ کالج جڑانوالہ کے قریب فیصل آباد سے قصور جانے والی تیز رفتار بس موٹرسائیکل رکشہ پر چڑھ گئی جس کے باعث رکشہ سوار چکو موڑ کا رہائشی 29 سالہ اشفاق ولد محمد علی اور 534 گ ب کا رہائشی 65 سالہ لیاقت ولد اسماعیل موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 144 گ ب کا رہائشی ڈرائیور 35 سالہ قذافی ولد دتہ بری طرح زخمی ہو گیا۔ ریسکیو1122 ٹیم نے حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر زخمی ڈرائیور کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا۔ تاہم پولیس نے جاں بحق ہونے والوں کی نعشوں کو تحویل میں لیکر حادثے کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔