وزیراعظم ابھی تک کیوں چین اور بھارت کے تنازع پر خاموش ہیں؟۔ بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم ابھی تک کیوں چین اور بھارت کے تنازع پر خاموش ہیں؟ خطے کی صورت حال انتہائی گھمبیر ہے اور ملک کا وزیر اعظم نئی اے ٹی ایم مشینوں کی تلاش میں مصروف ہے۔منگل کے روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لداخ میں بڑھتے تنازع کے دوران آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر میں غیرمعمولی اجلاس ہوا لیکن یہاں پر وزیر اعظم بالکل غائب رہے، انہوں نے مزید کہا کہ لداغ معاملے پر وزیر اعظم نے ایک لفظ بھی منہ سے نہیں نکالا ان کی خاموشی معنی خیز ہے،ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم لداخ میں تنازع کے دوران نئی اے ٹی ایم مشینوں کی تلاش کیلئے اپنے سندھ کے یکطرفہ دورے میں مصروف رہے، جب لداخ میں تنازع تھا تو اس وقت وزیراعظم سندھ میں اپنے میڈیا اور سیاست سے وابستہ جانب دار اتحادیوں سے ملاقاتیں کررہے تھے،وزیراعظم نے دورہ سندھ کے دوران ڈاکٹروں، کرونا وائرس، کسانوں اور ٹِڈی دَل کو بالکل نظر انداز کردیا۔