معلوم نہیں 26 ارب روپے کی ویکسین کہاں گئی: وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملک میں ویکسین کی قلت پر لاعملی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ 26 ارب روپے کی ویکسین کہاں گئی۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ چاروں صوبوں میں جو ویکسینیشن ہورہی ہے وہ وفاقی حکومت فراہم کررہی ہے اور اب تک کسی صوبے نے ویکسین نہیں خریدی.انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے این سی سی اجلاس میں ہمیں کہا گیا تھا کہ ویکسینیشن کے عمل کو تیز سے تیز تر کریں اور ویکسین کی فراہمی کی فکر نہ کریں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے چند دن پہلے سے پورے پاکستان میں ویکسین کی قلت ہوگئی ہے، حالانکہ کہا گیا تھا کہ فکر نہ کریں لیکن ہم نے اپنا ہدف رکھا ہوا ہے کہ 2 لاکھ ویکسینیشن یومیہ ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ سارا ریکارڈ موجود ہے، ایک، ایک ویکسین کا ریکارڈ نادرا کے پاس موجود ہے اور ویکسین لگانے والوں کو سرٹیفیکیٹ مل جاتا ہے، سب ریکارڈ موجود ہے، کہاں گئی یہ بات میری سمجھ میں نہیں آرہی۔