عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کے قریب چھوڑا، 120 ارب روپے کا خسارہ تھا، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کے قریب پہنچا دیا تھا، وہ 120 ارب روپے کا خسارہ چھوڑ کر گئے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں بجٹ پیش کیا گیا اور جو بجٹ پیش کیا گیا اس میں صرف امیر پر ٹیکس لگایا گیا۔ ہم ٹیکس لیں گے مگر امیروں سے لیا جائے گا۔ کل قومی اسمبلی میں تقریر کر کے بجٹ کلوز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دور میں بہت زیادہ ٹیکسز لگائے گئے اور پاکستان میں ہمیشہ غریب کے لیے ٹیکس ہوتا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے میں پیشرفت ہوئی ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیٹوں کی کمپنیوں پر ٹیکس لگایا گیا ہے اور میری کمپنی پر بھی مزید ٹیکس عائد ہو گا۔ سابق حکومت نے جتنے بھی ٹیکس لگائے ان سے غریب متاثر ہوا۔