موٹر وے پر 50 کی چیز 100روپے میں فروخت
پبلک اکائونٹس کمیٹی نے موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیاء کی زائد قیمتوں پر تمام چیف سیکرٹریز کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی نورعالم خان نے کہا کہ ریسٹ ایریاز میں پچاس روپے کی چیز سو روپے میں فروخت کی جاتی ہے۔ سیکرٹری مواصلات کا کہنا تھا کہ ریسٹ ایریاز ٹک شاپس میں اشیاء کی قیمتوں کو مانیٹر کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ نورعالم خان کی زیرصدارت پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، کمیٹی میں وزارت مواصلات کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ رکن کمیٹی روحیل اصغر نے کہا کہ این 5 جی ٹی روڈ کی بری حالت ہے جبکہ 5 جگہ ٹول ٹیکس دینا پڑتا ہے۔ چیئرمین کمیٹی بولے جی ٹی روڈ کا نام ڈیتھ روڈ رکھ دینا چاہئے، موٹروے اور جی ٹی روڈ کی بہتر مرمت کی جائے، موٹرویز پر بڑی تعداد میں ایکسیڈنٹ ہو رہے ہیں، ٹرک اور بسیں بھی فاسٹ ٹریک پر چل رہی ہوتی ہیں۔ بسوں اور ٹرکوں کو اپنی لائن میں چلنے کو یقینی بنائیں۔