40,000 سے زائد عازمین حج نے طواف قدوم کے مناسک ادا کرلئے۔
سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ کے زیراہتمام ارباب الطوائف رابطہ مرکز کے طواف پروگرام کے تحت 40,000 سے زائد عازمین حج نے طواف قدوم کے مناسک ادا کیے ہیں۔ ان عازمین حج میں زیادہ تر ترکیہ، یورپ، امریکا، آسٹریلیا، عرب ممالک، غیر عرب افریقی ملکوں اور جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے مسلمان شامل ہیں جواس سال 1443ھ کے مناسک حج ادا کرنے کے لیے مکہ معظمہ پہنچے ہیں۔سنٹرل طواف پروگرام کے نگران ڈاکٹرعثمان قزاز نےبتایا کہ حج کی ذمہ داریوں کے لیے ضروری منصوبے اور طریقہ کاربہ شمول تربیت یافتہ انسانی کیڈرز کی فراہمی اور طواف کمپنیوں کے حجاج کے لیے گروپ بندی کا منصوبہ تیار کرنا، طواف قدوم کو آسانی کے ساتھ مکمل کرانا اور طواف کے دوران عازمین حج کو ہرممکن سہولت اور آسانی مہیا کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس پروگرام پر عمل درآمد کے لیے مسجد حرام کے دروازوں پر چار انسانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔انہیں شاہ عبدالعزیز گیٹ، شاہ فہد گیٹ، شاہ عبداللہ گیٹ اور باب السلام میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر قزاز نے بتایا کہ اب تک طواف قدوم ادا کرنے والے عازمین کی تعداد 40,000 ہزار سے زاید ہوچکی ہے۔ ان میں 520 عازمین عرب ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔افریقی ممالک سے 450 عازمین حج اور جنوب مشرقی ایشیا کے عازمین حج کے لیے کمپنی 32,000 عازمین حج ،ترکیہ ، یورپ، امریکا اور آسٹریلیا کے تقریباً 7400 عازمین حج نے طواف قدوم ادا کیا ہے۔