اسرائیلی وزیر دفاع نے لبنان کو جنگ کی دھمکی دے دی۔
اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے خبردار کیا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو ہم جنگ کے لیے تیار ہیں جس میں دنیا ہمیں ایک مرتبہ پھر لبنان کے شہروں بیروت، صیدا اور صور کی سڑکوں پر مارچ کرتا دیکھے گی۔ بینی گینٹز نے دھمکی بدھ کے روز پوسٹ کی جانے والی سلسلہ وار ٹوئیٹس میں دی ہے، جس میں انہوں نے بڑھک ماری ہے کہ کسی امکانی فوجی کارروائی کی صورت میں وہ لبنان کا نئے سرے سے محاصرہ کر کے حزب اللہ کو بھاری نقصان پہنچائیں گے۔ گینٹز نے پہلی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میں 06 جون 1982 کو لڑی جانے والی لبنان جنگ کی یاد میں ہونے والی ایک تقریب میں پہنچا ہوں۔ اس جنگ میں اسرائیل، بیروت تک جا پہنچا تھا۔ العربیہ نیٹ پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیل نے بیروت کا بری اور بحری محاصرہ 88 دنوں تک جاری رکھا۔ اس کے بعد بیروت میں موجود 12 ہزار مزاحمتی کارکنوں کے بیروت سے بیدخلی کے بعد اسرائیل نے علاقے کا محاصرہ ختم کیا۔ صہیونی وزیر دفاع نے ایک ٹویٹ میں بتایا ’’کہ اگر ہمیں آج لبنان میں فوجی کارروائی کے لیے کہا گیا تو وہ زیادہ سخت اور تیر بہ ہدف ہو گی۔ حزب اللہ اور لبنان کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا ہو گی۔ یہ دہشت گرد اپنے کسی انفراسٹرکچر کو ہمارے یا اسرائیلیوں کے خلاف اقدام کے لیے استعمال کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔