وفاقی محتسب برائے انسداد حراسگی خواتین محترمہ کشمالہ طارق کی اسلام آباد سے چوری شدہ گاڑی راجن پور سے برآمد ملزم گرفتار

تفصیلات کے مطابق ماہِ اپریل میں اسلام آباد کے F-6 مرکز سے وفاقی محتسب محترمہ کشمالہ طارق کی رہائش گاہ کے باہر انکی ملکیتی گاڑی چوری ہوئی جس پر تھانہ سکریٹریٹ اسلام آباد میں مقدمہ نمبر 220/22بجرم 381-A درج رجسٹر کیا گیا تھا۔ اسلام آباد تھانہ سیکرٹریٹ پولیس اور تھانہ سٹی راجن پور پولیس کی مشترکہ کاوشوں اور مختلف وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزم محمد طارق محمود لشاری ولد محمد رمضان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے گاڑی چوری کا اعتراف کیا۔ملزم وفاقی محتسب محترمہ کشمالہ طارق کا سابقہ ڈرائیور تھا جس کو فروری 2022 میں نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔ نوکری سے نکالنے اور سرزنش کرنے کے رنج میں ملزم طارق محمود نے مورخہ 26اپریل 2022 کو وفاقی محتسب کی رہائش گاہ کے باہر سے گاڑی چوری کی۔ ملزم کو پولیس ٹیم تھانہ سٹی راجن پور اور پولیس تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد کی مشترکہ کاوشوں سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔ تھانہ سٹی راجن پور پولیس کی جانب سے ملزم کے قبضہ سے چوری شدہ کار ریکور کرکے اصل مالکان کے حوالے کرنے کے بعد ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔