عمران خان سیاستدان نہیں، انہیں گرفتار کیا جانا چاہئے، وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ
وزير داخلہ رانا ثناء اللہ کہتے ہيں عمران خان سياستدان نہيں يہ ملک ميں فساد چاہتے ہيں، انہيں گرفتار ہونا اور قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے، تمام حکومتی اتحادی جماعتیں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بات چیت کی حامی ہیں، ٹی ٹی پی کے ساتھ جنگ بندی اب بھی مؤثر ہے، اس وقت تک رہے گی جب تک معاملات طے نہیں پاجاتے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا نجی انٹرویو میں کہناہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق تفصیلی بریفنگ ہوئی تقریباً تمام پہلوؤں کو کور کیا گیا، حکومت اور اتحادی جماعتیں کالعدم ٹی ٹی پی سے بات چیت کے حق میں ہیں، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم کا بھی یہی مؤقف ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ تمام جماعتوں نے آئین کے تحت بات چیت کی حمایت کی، کسی ايسے مطالبے پر بات نہيں ہونی چاہئے جو ماورائے آئين ہو، جب بات چیت نتيجے کے قريب ہو تو پارليمنٹ ميں لايا جانا چاہئے، کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق بات چیت کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جائے گا، کالعدم ٹی ٹی پی کو قانون اور آئین کے نیچے آنا ہوگا۔