ملک بھرمیں یوم پاکستان قومی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، قومی دن کی مناسب سے مختلف شہروں میں تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دن کا آغازوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میںاکیس،اکیس توپوں کی سلامی سےہوا۔یوم پاکستان کے موقع پرمساجد میں ملکی ترقی اورسلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔یوم پاکستان کے موقع پرملک میں عام تعطیل ہےجبکہ تئیس مارچ کے حوالے سے مختلف تقریبات کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔ قومی دن پر پورے ملک میں اہم سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا ہے جبکہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں قومی پرچم لہرانے کی تقریبات بھی ہورہی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں ہونے والی تقاریب میں بچوں کوتحریک پاکستان سے روشناس کرانے کیلئےدستاویزی فلمیں دکھانے کے اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔ ملک کے سرکاری چینل کے علاوہ نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو دن کی مناسب سے خصوصی پروگرام پیش کررہے ہیں جبکہ اخبارات نے بھی خصوصی ایڈیشن شائع کئے ہیں، لوگوں کی بڑی تعداد قائد اعظم اور علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دینے کے علاوہ مینار پاکستان کا بھی رخ کررہی ہے جہاں عرض پاک کے قیام کی قرارداد منظور ہوئی تھی۔دوسری جانب بعض وجوہات کی بنا پر اس سال بھی اسلام آباد میں فوجی پریڈ کاانعقاد نہیں کیا گیا،یوم پاکستان کے سلسلے میں ایوان صدرمیں خصوصی تقریب ہوگی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں میں بہترین خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو تمغے اوراعزازات عطا کئے جائیں گے۔