بھارت ہمیں روٹی اور پانی سے محروم کرنا چاہتا ہے لیکن ہم اسے پسندیدہ ترین تجارتی ملک قرار دے رہے ہیں۔ مجید نظامی

چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ مجید نظامی نے کہا ہے کہ بھارت ہمیں روٹی اور پانی سے محروم کرنا چاہتا ہے لیکن ہم اسے پسندیدہ ترین تجارتی ملک قرار دے رہے ہیں۔ سبزیوں کی درآمد کیخلاف قوم اٹھ کھڑی ہو۔ یوم پاکستان کے حوالے سے ایوان کارکنان لاہورمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ مجید نظامی کا کہنا تھا کہ آزادی کے وقت جس ملک کے قیام کا عہد کیا گیا تھا موجودہ پاکستان وہ نہیں ہے اور ہمیں اسی عہد سے روگردانی کی سزا مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے آج تک پاکستان کو تسلیم ہی نہیں اور وہ آج بھی ہمیں روٹی اور پانی سے محروم کرنے کے درپے ہے لیکن اس کے باوجود ہم اپنی شہہ رگ کشمیر کو بھول کراسے پسندیدہ ترین تجارتی ملک کا درجہ دے رہے ہیں۔ مجید نظامی نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت آپس میں مل چکے ہیں لیکن ہم ابھی تک خواب خرگوش میں ہیں،ہم نے ایٹم بم سجانے کے لئے نہیں بنایا لہذا شیطانی ثلاثہ کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔ چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے کہا کہ قوم بھارت سے سبزیوں کی درآمد کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔