ملک میں تمام مسائل اور خرابیوں کی وجہ زرداری اور پیپلز پارٹی ہیں جبکہ حکومتی اتحادی بھی برابر کے شریک ہیں۔ نواز شریف

پنجاب یونیورسٹی لاہورکےطلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ نون لیگی قیادت ایماندار ہے،یہی وجہ تھی کہ جب صدر زرداری نے راستہ بدلا تو ہمارے وزاراء حکومت سے باہر آگئے، اس وقت ملک میں تمام مسائل اور خرابیوں کی وجہ آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کی حکومت ہے جبکہ اتحادی جماعتیں بھی برابر کی شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم خواب دیکھنے یا دکھانے والے نہیں، نعرے لگانے والے نعرے لگاتے رہیں گے جبکہ مسلم لیگ نون عملی کام کرکے تبدیلی کے لئے کوشاں رہے گی۔میاں نوازشریف نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ہر پاکستانی کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہو، اگر مسلم لیگ نون برسر اقتدار آئی تو ملک کے کونے کونے میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی جمہوریت پر فخر کرتا ہے جبکہ ہم ایسا نہیں کرسکتے، بار بار کی آمریت اور مارشل لاء نے ملک اور قوم کو تقسیم کیا، ملک کے حالت بدترین ہیں مگر وہ نئی نسل سے مایوس نہیں، ایک دن آئے گا جب پاکستان نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں مضبوط ترین ملک بن کرابھرے گا۔ میاںنوازشریف کا کہنا تھا ایشیاء کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کے خلاف فتح کے بعد وہ سوچنے پر مجبور ہوگئے کہ مبارکباد کس کو دیں کیونکہ بنگالی بھی پاکستان ہی کا حصہ تھے اور انہوں نے قیام پاکستان کے لئے سب سے زیادہ جدوجہد بھی کی۔ نون لیگی صدر نے تقریب کے دوران خصوصی کھیل پیش کرنے والے سات طلبہ کو اپنی جیب سے لیپ ٹاپ دینے کا اعلان بھی کیا۔ نواز شریف کی تقریر کے دوران میرٹ پر ہونے کے باوجود لیپ ٹاپ نہ ملنے پر معذور اور دیگر طلباء نے احتجاج بھی کیا۔