کراچی کے علاقہ لیاری میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن پرعلاقہ مکینوں اورپولیس اہلکاروں میں شدیدجھڑپیں، علاقہ میدان جنگ بن گیا

یہ مناظر مصر، لیبیا یا شام کے نہیں، میدان جنگ کا منظر پیش کرتی بازار کی یہ سڑکیں کراچی کے علاقہ لیاری کی ہیں جہاں سی آئی ڈی پولیس کے چھاپوں کیخلاف اہلیان علاقہ کا احتجاج رات بھر سے جاری ہے۔ مشتعل مظاہرین نے رات ہی سے سڑکوں پر ٹائر جلا کر ٹریفک کی روانی معطل کر دی تھی اسکے علاوہ جب صبح کے وقت لی مارکیٹ میں مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کر کے آمد و رفت معطل کی تو صورتحال پرقابوپانے کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھیجی گئی لیکن شاید ہرروزپولیس کوایک ہی وردی میں دیکھ کرمظاہرین کا خوف اترچکا ہے، پولیس نے جب مظاہرین کومنتشرکرنے کی کوشش کی تو وہ مشتعل ہوگئے جس کے بعد پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں جو کہ ابھی تک رکنے کا نام نہیں لے رہیں۔ لی مارکیٹ میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراﺅ کیا اور شدید نعرے بازی کی جبکہ جوابی کارروائی میں پولیس کو آنسو گیس کی شیلنگ اورلاٹھی چارج کرنا پڑا۔ شیلنگ اور لاٹھی چارج سے وقتی طور پر تو مظاہرین منتشر ہوگئے، لیکن غصہ ابھی بھی ٹھنڈا نہیں ہوا تھا۔ چند لمحات ہی گزرے تھے کہ مظاہرین ایک بارپھرپولیس کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر آگئے۔ پتھراﺅ کیساتھ ساتھ شرپسند عناصر نے پولیس پر پٹرول بم بھی پھینکے جس پر پولیس نے ایک بار پھر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ مظاہرین کو ہوائی فائرنگ سے ڈرانے کی کوششیں بھی کی گئیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ آٹھ گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد کراچی پولیس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام ہوئی تو رینجرز کی بھاری نفری لیاری میں تعینات کردی گئی جو لی مارکیٹ میں صورتحال پر قابو پانے کے لیے اپنی کوششوں میں مصروف ہے۔