فرانس میں عام ہڑتال
فرانس میں ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کی گئی اور ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور اسپتالوں میں یوم سیاہ منایا گیا۔ فرانسیسی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہڑتال کے نتیجے میں ہر دس میں صرف چار ٹرینیں چلائی گئیں جس کے نتیجے میں مختلف شہروں میں لوگوں کی آمد و رفت میں 25 فی صد کی کمی واقع ہوئی ۔ٹرانسپورٹ یونین نے ہڑتال کو تین ماہ تک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جس کے باعث عوام میں کافی تشویش پائی جاتی ہے۔ایئرٹریفک کے عملے نے بھی ہڑتال کی حمایت کی ہے جس کی وجہ سے 30 فی صد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ ایئرفرانس کی تمام پروازیں بند ہو جائیں گی۔ٹرانسپورٹ کی ہڑتال نے فرانس کے تعلیمی اداروں کو متاثر کیا ہے اور ٹیچرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے اسکول اور دیگر تعلیمی مراکز کے25 فی صد اساتذہ ہڑتال پر چلے گئے ہیں۔فرانس کے اسپتالوں، اولڈ مراکز اور نرسریوں میں بھی، صرف ایمرجنسی خدمات ہی فراہم کی جا رہی ہیں۔