اسلام کیخلاف بڑھتاہوامخاصمانہ رویہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے:وزیر خارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ اسلام کے خلاف بڑھتاہوامخاصمانہ رویہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جومحض راتوں رات پیدانہیں ہوا۔استنبول میں ترکی کے بین الاقوامی نیوزچینل ٹی آرٹی ورلڈسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کومحدود دائرے میں دیکھاجاتاہے اور ہمیں ایسی غیرمنصفانہ سوچ کی موثر انداز میں روک تھام کرناہوگی۔دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی میں خامی کاحوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کسی غیرمسلم کے دہشت گرد انہ فعل کواس کاذاتی فعل قراردیاجاتاہے جبکہ اس کے مقابلے میں کسی مسلمان کے اس طرح کے فعل کو دہشت گرد کارروائی قراردیاجاتاہے۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں ذرائع ابلاغ کے موثرکردار کی ضرورت کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کو بھی ذمہ دارانہ کرداراداکرناچاہیے۔انہوں نے اسلامی تعاو ن تنظیم کے رکن ملکوں اورامت مسلمہ میں اتحاد کی انتہائی اہمیت پربھی زوردیا۔وزیرخارجہ نے کرائسٹ چرچ حملے کے حساس اورجذباتی معاملے سے موثرانداز میں نمٹنے پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈاآرڈرن کے کردارکی تعریف کی۔