آج ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
ملک بھر میں آج یوم پاکستان بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان ہر سال 23مارچ 1940کو قرار داد پاکستان کی منظوری کے حوالے سے مینار پاکستان لاہور کے مقام پر ہو نے والے جلسہ عام کی یاد میں بھر پور تزک و احتشام سے منایا جاتا ہے جس کا خواب شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا اور جس پر عملدرآمد قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنان نے کیا۔ یوم پاکستان کے مقدس موقع پرآج وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 , 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ صبح کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد شکرانے کے نوافل سے ہوگا جبکہ تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور تقسیم برصغیر کی جد و جہد کے دوران جام شہادت نوش پانے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان و بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ جبکہ لاہور میں شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں جلسے جلوسوں، ریلیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا اور قرار داد پاکستان کے حوالے سے تجدید عہد کیا جائے گا۔23 مارچ کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔23 مارچ کے موقع پر حکومت کی جانب سے عام تعطیل کے اعلان کے باعث اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سٹیٹ بینک بینکنگ سروسز آف پاکستان، تمام شیڈولڈ بینک، مالیاتی ادارے، چیمبرز آف کامرس، سٹاک ایکسچینجز گا رنٹیز لمیٹڈ، عدالتیں اور تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے آج بند ہیں۔