ایک چور دوسرے چور کا احتساب نہیں کرسکتا بلکہ مک مکا کرتا ہے : عمران خان
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن کم وسائل رکھنے والے ممالک ہم سے آگے نکل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے ادارے مضبوط ہیں اس لئے ہمیں بھی اپنے ادارے ٹھیک کرنا ہوں گے لیکن اداروں کو تباہ کرنے والے انہیں ٹھیک نہیں کرسکتے۔ عمران خان نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب صرف سڑکیں بناتے ہیں جبکہ لندن میں مہنگے فلیٹس عوام کے پیسے سے بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب لیڈر کرپشن نہیں کرتا تو پٹواری بھی کرپشن نہیں کرتا، وہ قوم ترقی نہیں کرسکتی جس کا حکمران کرپٹ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں میوزیکل چیئر کا کھیل جاری ہے، ایک چور دوسرے چور کا احتساب نہیں کرسکتا بلکہ مک مکا کرتا ہے۔ وعدہ ہے ملک سے باہر پہنچایا گیا پیسہ واپس لاؤں گا۔ دوران خطاب کپتان نے کہا کہ آزاد کشمیر کا الیکشن دو نظریات کا الیکشن ہے، الیکشن جیت کر تعلیم اور ہسپتالوں پر زیادہ پیسہ خرچ کریں گے، آزاد کشمیر میں ایسا آزاد نیب بنائیں گے جو کسی کرپٹ شخص کو نہیں چھوڑے گا، انصاف ایسا ہونا چاہیئے جو عمران خان، نواز شریف اور آصف زرداری کو بھی نہ معاف نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں، وزیراعظم نوازشریف مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھانے کی بجائے بھارت کے ساتھ کاروبار کررہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ وہ ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کریں گے جبکہ برصغیر سے غربت ختم کرنے کا واحد طریقہ مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔