امریکا میں سکول حملے میں جاں بحق ہونے والی سبیکا شیخ آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک
سبیکہ شیخ آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک، ننھی آنکھوں میں بڑے خواب سجانے والی سبیکا منوں مٹی تلے چلی گئی،،سبیکا کی نماز جنازہ یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔ جس میں گورنرسندھ محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی، پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال، ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی، نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، سبیکا کو ان کی دادی کے پہلو میں دفن کیا گیا ہے۔ اس موقع پر رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔
اس سے قبل سبیکہ کی میت منگل اور بدھ کی درمیانی شب غیرملکی پرواز کے ذریعے کراچی لائی گئی، اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے سبیکہ شیخ کی میت کو سلامی دی گئی۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا۔ اور سبیکا شیخ کی موت پر تعزیت کی، انہوں نے معصوم جان کے ضیاع پر سوگوار خاندان سے افسوس کا اظہار کیا۔ 17 سالہ سبیکہ عزیز شیخ کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں، 18 مئی کو فائرنگ کے نتیجے میں طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔ فائرنگ کرنے والے 17 سالہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جو کہ اسی اسکول میں زیر تعلیم تھا۔