کرپشن کنگ خود کو بچانے کے لئے اپنے بچوں کو سیاست کی بھٹی میں جھونک چکے ہیں: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کے خطاب پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کرپشن کنگ خود کو بچانے کے لئے اپنے بچوں کو سیاست کی بھٹی میں جھونک چکے ہیں۔ یہ وہی کردار ہیں جو بے نامی دار ہیں۔عدالتوں میں کچھ اور انٹرویوز میں کچھ اور کہتے ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یہ وہی کردار ہیں جو پارلیمان میں کہتے تھے" یہ ہیں وہ ذرائع" اور عدالت میں مکر گئے اور اسے سیاسی بیان کہنے لگے ۔یہ لوگ ملکی خزانے پر جھاڑو نہ پھیرتے تو آج ملک اور قوم غریب نہ ہوتے۔ یہ وہ کردار ہیں جو چوری کرکے بھی قوم کے ساتھ سینہ زوری کر رہے ہیں۔مریم نواز کا تعزیتی بیٹھک کو سیاسی دوکانداری کے لئے استعمال کرنا قابل افسوس ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والے نو ماہ کے قلیل عرصے کا کس منہ سے حساب مانگتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان قوم کی امید ہیں، ان پر تنقید کرکے مریم نواز اپنا قد اونچا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔