عمران خان ملک کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں، بلاول بھٹو
کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ایک بار پھر وفاقی حکومت پر برس پڑے اور وفاقی کابینہ پر بھی الزامات کی بوچھاڑ کردی۔ تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان مشرف دور کی 50فیصد شرح غربت کےتعاقب میں ہیں، عالمی بحران میں بھی معاشی بدحالی وہ نہیں تھی جوحکومت نےکردی، عمران خان ملک کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے سخت شرائط پر بھاری قرضے وصول کیےگئے، عمران خان کو نہ روکا گیا تو وہ گھر گھر معاشی بدحالی کی آگ لگادیں گے، معاشی بدحالی کی وہ آگ لگےگی جسےدہائیوں بجھایا نہ جاسکے گا، معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر عمران خان ملک سےباہر چلےجائیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو معاشی جرائم پر ایک عام آدمی سے معافی مانگنی ہوگی، عمران خان کا جرم صرف مہنگائی نہیں مہنگائی مافیاکی سرپرستی بھی ہے،دوسروں پر الزامات لگانے والے عمران خان گریبان میں جھانکیں، عوام عمران خان کےمعاشی جرائم پر انہیں معاف نہیں کریں گے۔