شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر جلد قابو پالیں گے: ترجمان حکومت بلوچستان
حکومت بلوچستان کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ اور محکمہ وائلڈ لائف کی صلاحیت اور وسائل محدود ہے تاہم اب حکومت بلوچستان، وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کی دلچسپی کے باعث شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر بہت جلد قابو پالیا جائے گا۔ترجمان بلوچستان حکومت نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آگ پھیلنے کے اس سے قبل بھی واقعات رونما ہوتے رہے ہیں لیکن وہ اس شدت تک نہیں پہنچتے تھے، محدود وسائل کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں کچھ دن لگ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ ضلع شیرانی میں ریسکیو آپریشن کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے۔
فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ آگ کے تیزی سے پھیلنے کی بنیادی وجہ خشک موسم اور تیز رفتار ہوا تھی۔ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنگلات اور محکمہ وائلد لائف آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، آرمی کے 2 ہیلی کاپٹرز نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی طرف سے وہاں پہنچا دیے گیے ہیں جبکہ فاریسٹ کیمپ آفس سرلکی ضلع شیرانی کے مقام پر قائم کردیا گیا ہے۔