شیرانی کے جنگلات میں آگ بے قابو، دنیا کا سب سے بڑا چلغوزے کا جنگل راکھ ہونے کے قریب

بلوچستان کے علاقے شیرانی کے قدیم جنگلات میں لگی آگ اب تک بے قابو ہے، آگ خڑوبئی، سمزئی، شرغلئی کے پہاڑی علاقوں تک پھیل گئی ۔لیویز حکام کے مطابق کہ خڑوبئی، سمزئی، شرغلئی میں فاصلے پر سو کے قریب مکانات ہیں، مکینوں کی منتقلی کیلئے رضاکار اور لیویز حکام کی کوششیں جاری ہیں۔رضاکار نے کہا کہ جنگلات میں رہائش پذیر تین خاندانوں نے علاقہ چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے، خاندان 4 ہزار فٹ بلند پہاڑی پر غارنما گھروں میں مقیم ہیں۔ژوب ڈویژن کے کمشنر نے کہا کہ ایرانی فائر فائٹر جیٹ سے آگ بجھانے کا آپریشن شروع نہیں ہوسکا، آگ بجھانے کیلئے عالمی اداروں سے بھی رابطے میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آگ سے بڑی تعداد میں نایاب جنگلی جانور جھلس کر ہلاک ہوچکے ہیں۔فارسٹ آفیسر کے مطابق آگ سے ضلع شیرانی میں جنگلات کا 35 فیصد حصہ جل چکا ہے، انتظامیہ اب تک آگ لگنے کی وجوہات سے لاعلم ہے، آگ اندازاً پانچ سے چھ کلومیٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔محکمہ جنگلات کے ڈویژنل حکام نے کہا کہ شیرانی جنگلات میں آگ کے باعث دنیا کا سب سے بڑا چلغوزے کا جنگل راکھ ہونے کے قریب ہے جس میں غفلت کی ذمہ دار وفاقی، بلوچستان اور خیبرپختونخوا حکومت ہی ہو سکتی ہے جن کو بروقت اطلاع دینے کے باوجود کہیں سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔