بھارت اور بنگلہ دیش میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی۔
بھارت اور بنگلہ دیش میں شدید بارشوں کے بعد کئی علاقوں میں آنے والے سیلابوں کے نتیجے میں لاکھوں شہری متاثر اور درجنوں ہلاک ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت اور بنگلہ دیش میں سیلاب کے باعث اب تک کم از کم 57افراد کی موت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔بنگلہ دیش میں دس جبکہ بھارت میں 47افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔حکام کے مطابق بنگلہ دیش کے شمال مشرق میں یہ تقریبا دو دہائیوں میں آنے والا شدید ترین سیلاب ہے جس کی وجہ سے دو ملین باشندے پانی میں پھنس کر رہ گئے۔ بھارتی ریاست آسام میں متاثرہ دیہات کی تعداد ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے۔بھارتی ریاست آسام جو بنگلہ دیش کے سرحدی علاقے پر واقع ہے بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوئی ۔ آسام میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔آسام کے حکام نے ہفتے کے روز کہا کہ تقریباً 3,200 دیہاتوں میں 850,000 سے زیادہ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ، بارشوں اور سیلاب سے کھیتوں کا بہت بڑا حصہ ڈوب گیا اور ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچا۔دریائوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور بیشتر اضلاع میں زمین کا بڑا حصہ زیر آب آنے پر تقریبا ً90,000 لوگوں کو سرکاری امدادی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا۔