عمران خان کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے : احسن ا قبال

لاہور میں سوک سینٹر کےباہر صحافیوں سے بات کرتےہوئے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے بتایا کہ عمران نیازی اس وقت پاکستان دشمن لابی کی سیاست کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ کسی ملک کو ہدف بنا کر اس کے عوام میں انتشار پیدا کرنا ہے اور پاکستان کے خلاف ہائی برڈ وار کے ٹول استعمال ہورہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما ملک کے قومی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جو بےیقینی ہے وہ 4 سال کا تسلسل ہے، ملک میں جمہوری طریقے سے حکومت تبدیل ہوئی ہے۔ عوام پرجو بوجھ 4 برس میں ڈالا گیا،اس کو کم کرنے میں وقت لگے گا۔ معاشیات سے متعلق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گیس بحران کا جواب عمران نیازی اور ان کے وزیروں نے دینا ہے،انھوں نے گوادر بندر گاہ کو بھی تباہ کردیا جبکہ سال 2020 تک 9 صنعتی زون تیار کرنا تھے لیکن ایک بھی نہیں ہوسکا۔