شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل سے رہا
شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل سے رہا شام 6 بجے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے اہم گفتگو کریں گے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے رہائی بیان حلفی سے مشروط کی تھی۔ شاہ محمود قریشی کے وکلاء کی جانب سے بیان حلفی جمع کرانے کے بعد ان کی رہائی کا حکم جاری کیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کے الزام میں رواں ماہ 11 مئی کو اسلام آباد سے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے استفسار کیا تھا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف کون سے ایسے شواہد ہیں جن کے تحت ان کی پیشگی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ عدالت نے شاہ محمود کو بیان حلفی جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ وہ کسی ایسی کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے جس میں پرتشدد سرگرمی ہوسکتی ہے یا وہ کسی کو تشدد پر نہیں اکسائیں گے۔