نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام سے بے گھرافراد کو مکانات کی فراہمی میں مدد ملے گی: وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ نیاپاکستان ہائوسنگ پروگرام سے بے گھرافراد کو مکانات کی فراہمی میں مدد ملے گی اورملک میں اقتصادی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔انہوں نے اسلام آباد میں ہاؤسنگ ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام سے ملک میں بے روزگاری کامسئلہ بھی حل ہوگا۔ وزیراعظم نے اس پروگرام کو آزادجموں کشمیر اور گلگت بلتستان تک توسیع دینے کی ہدایت کی ۔ ہاؤسنگ ٹاسک فورس کے چیئرمین ضیغم محمود رضوی نے اجلاس میں مجوزہ قانون سازی پر پیشرفت، وفاقی اور صوبائی سطح پر قائم کئے گئے ہاؤسنگ اداروں اور مجوزہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور پروگرام سے متعلق دیگرامورپربریفنگ دی۔ ادھر ایک اوراجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے جامع قومی مالیاتی حکمت عملی کے پانچ سالہ منصوبے کی منظوری دی۔انہوں نے کہاکہ اس منصوبے سے شہریوں اورمالیاتی اداروں خصوصاً معیشت کے ترجیحی شعبوں کے لئے بڑی سہولت ملے گی۔ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لئے مالیاتی رسائی بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ گورنرسٹیٹ بنک طارق باجوہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پانچ سالہ منصوبے پر عملدرآمد سے روزگارکے تیس لاکھ مواقع پیدا ہوں گے اور ساڑھے پانچ ارب ڈالر کی اضافی برآمدات کو یقینی بنایاجاسکے گا۔