آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں
آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ آسٹریلیا نے ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 71 رنز سے شکست دیکر میگا کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ الیسا ہیلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم 143 رنز ہدف کے تعاقب میں 71 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ آسٹریلوی باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت میزبان ٹیم کی 10 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔ میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ایمی جونز اور سیور کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کی طرف سے ملنے والا 113 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایمی جونز کو ناقابل شکست نصف سنچری پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں جاری میگا ایونٹ میں جمعہ کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے الیسا ہیلی کے 46 رنز کی بدولت مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا کر دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو میچ میں کامیابی کے لئے 143 رنز کا ہدف دیا۔ الیسا ہیلی 46، لیننگ 31 رنز بناکر آﺅٹ ہوئیں اور ہائنس ناقابل شکست 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ 3 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔ میزبان ٹیم کی طرف سے شکیرا سلمان، ٹیلر، میتھیوز، فلیچر اور ڈوٹن نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ جواب میں میزبان ٹیم آسٹریلین باﺅلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 17.3 اوورز میں 71 رنز بناسکی، آسٹریلوی باﺅلرز کی شاندار باﺅلنگ کی بدولت میزبان ٹیم کی ایک کھلاڑی کے علاوہ کوئی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکی اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتی چلی گئیں۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کی 10 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔ کپتان سٹیفینی ٹیلر 16 رنز بنا سکی۔ یوں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی 71 رنز سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا اور ساتھ ہی میزبان ٹیم کا میگا ایونٹ کا دفاع کا خواب بھی چکناچور ہوگیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پری، کیمینس اور گارڈنر نے دو، دو جبکہ سچوٹ، مولینکس اور وارہم نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ آسٹریلیا کے الیسا ہیلی کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اسی روز کھیلے گئے میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دیکر میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 19.3 اوورز میں 112 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی اور اس نے انگلینڈ کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 113 رنز کا ہدف دیا۔ بھارت کی ماندھانا 34، روڈیجس 26 اور کپتان ہرمن پریت کور نے 16 رنز بنائے جبکہ اس کی سات کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔ انگلینڈ کی طرف سے نائٹ نے تین جبکہ گارڈن اور ایسلی سٹون نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ایمی جونز اور سیور کی شاندار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر کے بھارت کو میگا ایونٹ سے باہر کردیا۔ ایمی جونز نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53 اور سیور نے ناقابل شکست 52 رنز بنائے۔ یوں انگلینڈ نے سیمی فائنل میچ میں بھارت کی بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ بھارت کی طرف سے شرما اور یادوو نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ ایمی جونز کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔