موبائل فونز براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں چار ماہ کے دوران 3.94 ملین اضافہ
رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران موبائل فونز براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں 3.94 ملین کااضافہ ہوا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعداد وشمار کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کی سہولیات کے حصول کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث موبائل فونز براڈ بینڈ صارفین کی تعداد بڑھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اختتام پر 30 جون تک ملک میں موبائل فونز براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 56.08 ملین تھی جو 31 اکتوبر 2018ءکو 60.2 ملین صارفین تک پہنچ گئی۔ اس طرح صرف 4 ماہ کے قلیل عرصہ کے دوران موبائل فونز براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں 3.94 ملین کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصہ کے دوران صارفین کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ یو فون کے صارفین میں ہوا اور جولائی تااکتوبر کے دوران یو فون کے موبائل فونز براڈ بینڈ کی تعداد میں 1.47 ملین کا اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح کمپنی کے تھری جی صارفین کی تعداد 8.1 ملین تک پہنچ گئی۔