اپوزیشن کا وفاقی اداروں کے عقوبت خانوں کو ختم کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کا مطالبہ
وفاقی اداروں کے عقوبت خانوں کو ختم کرنے کے لئے اپوزیشن نے کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ نیب لاہور کے اندر مبینہ انسانی حقوق کی پامالی افسوسناک ہے۔ الزامات کی حقیقت کے لئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی جائے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سعد رفیق نے نیب لاہور پر شدید الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ لاہور آفس میں ملزمان کے ساتھ غیرانسانی سلوک کیا جاتا ہے۔ ان کو ممنوعہ ادویات دی جاتی ہیں اور ان الزامات کے لئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔ پیپلزپارٹی کے ممبر قومی اسمبلی نوید قمر نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالی افسوسناک ہے۔ انسانی حقوق کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ لوگوں کو عقوبت خانوں میں رکھا جا رہا ہے۔ حکومت انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور ان تمام چیزوں کا جائزہ لینے کے لئے فوری طور پر قومی اسمبلی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی جائے۔